ایک لاکھ خواہشات، اعصابی تناؤ اور ڈپریشن کا روحانی علاج

Depression, Anxiety & Spiritual Peace (Muraqaba)

ماخذ و کتاب: روحانی علاج

مصنف: حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی (رحمۃ اللہ علیہ)

پس منظر، علامات اور روحانی حکمت

سوال: شادی کو 27 سال ہو گئے ہیں۔ یہ کہنا مبالغہ نہ ہو گا کہ اس وقت سے لے کر آج تک ایک دن بھی سکون سے نہیں گزرا۔ شوہر اعلیٰ تعلیم یافتہ اور اچھی پوسٹ پر فائز ہیں۔ گھر میں خدا کے فضل سے خوشحالی اور فارغ البالی ہے، مگر ذہنی آسودگی مفقود ہے۔ ہم میں سے کسی کی صحت ٹھیک نہیں ہے۔ شوہر مستقل بیمار رہتے ہیں، خوف اور حزن کا شکار ہیں۔ چار لڑکے ہیں ان کو بھی کچھ نہ کچھ لگا رہتا ہے اور خود میں بھی اعصابی تناؤ اور ڈپریشن کی شکار ہوں۔ روحانی ڈاک کی مستقل قاری ہوں۔ ماورائی علوم پر دسترس اور مسائل حیات پر آپ کی گرفت مجھے حیران کئے دیتی ہے۔ میرے مسائل کا بھی کوئی حل نکالئیے۔ جواب: انسان کی یہ عادت ہے کہ وہ دوسروں سے توقعات قائم کرتا ہے اور بعض اوقات ایسی امیدیں وابستہ کر لی جاتی ہیں جن کو پورا کرنا ہر انسان کے بس میں نہیں ہوتا۔ جب توقعات پوری نہیں ہوتیں تو بار بار مایوسی ہوتی ہے اور آدمی ڈپریشن کا مریض بن جاتا ہے۔ حالانکہ ہونا یہ چاہئیے کہ بندے کو کسی ایسی ذات سے توقعات قائم کرنی چاہئیں جس کے قبضہ قدرت میں یہ بات ہے کہ اس سے اگر روزانہ ایک لاکھ خواہشات بھی وابستہ کر لی جائیں تو اسے ان کو پورا کرنے کی قدرت حاصل ہے۔ سکون آدمی باہر تلاش کرتا ہے جبکہ سکون کا تعلق خارجی چیزوں سے ہرگز نہیں ہے۔ سکون ایک مستقل اور حقیقی کیفیت ہے جب ہم فکشن اور غیر حقیقی وسائل میں سکون تلاش کرتے ہیں تو ہمارا لاشعور بے چین اور مضطرب ہو کر احتجاج کرتا ہے۔ لاشعور کا یہی احتجاج، ڈپریشن اور بے سکونی ہے۔ ہمارے اندر ایک حقیقی ایجنسی ہر وقت، ہر لمحہ اور ہر آن مصروف ہے۔ جب اس ایجنسی سے ہمارا رشتہ مستحکم ہو جاتا ہے تو ہمارے اوپر سے حزن و ملال اور بے یقینی کی کیفیت ختم ہو جاتی ہے۔ یہ ایجنسی ہماری روح ہے۔ اور روح اللہ تعالیٰ سے وابستہ ہے۔ اسی لیے جو بندے اللہ تعالیٰ سے قریب ہو جاتے ہیں وہ ہمیشہ پر سکون رہتے ہیں۔ ان کے اوپر پریشانیوں اور بیماریوں کا غلبہ نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ سے قریب ہونے اور اللہ تعالیٰ سے دوستی کرنے کا مؤثر ذریعہ مراقبہ ہے۔ آپ بھی مراقبہ کیا کریں، انشاء اللہ ساری پریشانیوں سے نجات مل جائے گی۔ رات کو سونے سے پہلے آنکھیں بند کر کے یہ تصور کیا کریں کہ 'اللہ مجھے دیکھ رہا ہے'۔

وظیفہ مبارک و نقش

آنکھیں بند کر کے تصور: ”اللہ مجھے دیکھ رہا ہے“

ترکیب و طریقہ کار

روزانہ رات کو سونے سے پہلے پرسکون حالت میں آنکھیں بند کریں۔
دل و دماغ سے گہرا مراقبہ کریں اور یہ پختہ تصور قائم کریں کہ ”اللہ مجھے دیکھ رہا ہے“۔
دنیوی وسائل اور لوگوں سے توقعات ختم کر کے اپنا تعلق اور امیدیں صرف اللہ تعالیٰ کی ذات سے وابستہ کریں۔

احتیاط و قواعد

لوگوں اور مادی دنیا سے وابستہ بے جا توقعات اور خیالی خدشات سے گریز کریں۔

روحانی علاج ڈیجیٹل

Roohani Ilaj Digital